14 نومبر 2026 - 12:31
نیا سیکورٹی قاعدہ امریکہ اپنے اتحادیوں کے لئے وبال جان بن گیا - 4

ایران کے خلاف جنگ نے اب خطے میں امریکی اڈوں کو امریکہ اور ان کے میزبانوں کے لئے ممکنہ خطرہ بنا دیا ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ امریکی فضائیہ کے دو اسٹریٹجک B-52 بمبار طیارے، مارچ 1999 کی ایک صبح کے آخر میں، انگلینڈ کے گلوسٹرشائر علاقے میں واقع رائل ایئر فورس فیرفورڈ (Fairford) اڈے سے اڑ کر جنوب مشرق کی طرف روانہ ہوئے۔ سات دیگر طیارے بھی دو دو منٹ کے وقفے سے اڑے۔

یہ یوگوسلاویہ پر امریکہ اور نیٹو کی بمباری کا آغاز تھا؛ ایسا آپریشن جس کے دوران فیرفورڈ اڈہ امریکی بمبار طیاروں کے اڑان بھرنے کا مرکزی پلیٹ فارم اور لڑاکا طیاروں کے لئے ایندھن بھرنے کے اسٹیشن کا کردار ادا کرتا تھا۔

اس برطانوی اڈے نے 2003 کی عراق جنگ اور امریکہ و اسرائیل کی ایران کے خلاف مشترکہ جنگ کے ابتدائی مراحل میں ایک بار پھر یہی کردار ادا کیا۔

لیکن امریکہ نے اکتوبر 2026 میں اپنے تمام 12 B-1 لانسر بمبار طیارے گلوسٹرشائر کے اس اڈے سے باہر نکال لئے۔ امریکہ نے اعلان کیا کہ یہ اقدام ایران کی طرف سے بڑھتے ہوئے خطرے اور ان طیاروں کے تحفظ کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش کے پیش نظر عمل میں لایا گیا ہے۔

فیرفورڈ اڈہ واحد امریکی سہولت نہیں ہے جسے ایسی صورتحال کا سامنا ہؤا۔ امریکہ نے اسی مہینے کے اوائل میں برطانیہ کے ایک اور اڈے (رائل ایئر فورس میلڈن ہال) سے بھی 12 طیارے باہر واپس بلا لئے۔

چوتھا حصہ:

مشرق وسطیٰ کے امور کے تجزیہ کار محمد علی شعبانی نے الجزیرہ کو بتایا: "غیر ملکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے میں ہمیشہ، ان اڈوں کی جانب سے متوقعہ خطرات کا فراہم کی جانے والی مقررہ (یا متعلقہ) سیکیورٹی ضمانتوں سے موازنہ کرنا پڑتا ہے؛ چنانچہ واضح طور پر، خلیج فارس کی عرب ریاستوں کا نقطہ نظر بدل رہا ہے۔ ان اڈوں کی زدپذیری، میزبان حکومتوں کی بڑھتی ہوئی بنیادی تشویش بن گئی ہے؛ ایسی حکومتیں جو نہ تو جنگ کی خواہاں تھیں اور نہ انہوں نے اس جنگ کے آغاز کے فیصلے میں کوئی حقیقی کردار ادا کیا تھا، اور انہیں نہ چاہتے ہوئے، اس میں گھسیٹ لیا گیا۔"

واشنگٹن کا مسئلہ

واشنگٹن بھی اسی طرح کے دوراہے پر کھڑا ہے۔ یورپ اور مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے اس ملک کو دور دراز علاقوں میں فوجی موجودگی اور لڑنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں، لیکن یہی موجودگی ایران [اور ممکنہ دوسرے حریفوں] کو ممکنہ اہداف کی ایک طویل فہرست بھی فراہم کرتی ہے۔

مارچ میں ایک ایرانی ڈرون نے قبرص میں ایک برطانوی اڈے پر ہوائی جہاز کے ہینگر کو نشانہ بنایا۔ امریکہ اس اڈے کو بھی معلوماتی کارروائیوں اور لاجسٹک سپورٹ کے لئے استعمال کرتا تھا۔

بعدازاں، رپورٹس شائع ہوئیں کہ بلغاریہ نے امریکہ کو اجازت دی ہے کہ اس 'بیزمر ایئر بیس' ایران کے خلاف حملوں میں استعمال ہونے والے طیاروں کو ایندھن بھرنے کے لئے استعمال کرے، چنانچہ تہران نے نیٹو کے اس رکن ملک کو 'مؤثر' دھمکی دی؛ اور بلغاریہ کے وزیر دفاع نے چند ہفتے بعد، اعلان کیا کہ امریکی ایندھن بھرنے والے طیارے ہمیشہ کے لئے بیزمر اڈہ چھوڑکر چلے گئے ہیں۔

بلغاریہ کے صدر نے بھی اعلان کیا کہ "مشن ختم ہو گیا ہے"، جس کے بعد اس گاؤں کے رہائشیوں کو سکون ملا جس کے نام "بیزمر" پر اڈے کا نام رکھا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: رضا حسینی

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha